11 Jun 2026
(لاہور نیوز) دھرم پورہ چبچہ پھاٹک کے قریب پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں 7 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق تیز رفتار ٹیوٹا ہائیس وین بے قابو ہو کر نہر میں جا گری، جس کے نتیجے میں وین میں سوار متعدد افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو ٹیموں نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، بعد ازاں تمام زخمیوں کو مزید علاج کیلئے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ حادثے میں مجموعی طور پر 7 افراد زخمی ہوئے تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
واقعے کے بعد امدادی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں لیا جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔
