(لاہور نیوز) ڈیفنس سی کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فائرنگ کرتا ہوا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق اہلکار معمول کی گشت پر موجود تھے کہ انہوں نے موٹرسائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے مبینہ طور پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس نے اپنی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا، پولیس کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ رکنے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں موقع پر موجود پایا گیا، جو مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا، زخمی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جس کی شناخت اسامہ کے نام سے ہوئی ہے۔
ایس پی کینٹ کے مطابق گرفتار ملزم ڈکیتی، راہزنی اور چوری سمیت 50 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے، زخمی ملزم کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دوسرا ملزم فائرنگ کرتا ہوا موقع سے فرار ہو گیا، جس کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، ایس پی کینٹ نے کہا کہ فرار ملزم کی تلاش کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد اسے قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔
پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
