(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز نے ستھرا پنجاب کے ورکرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے 10 10 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت نے عید صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کیا ہے، ستھرا پنجاب کے ورکرز نے عید کے تین روز 3 لاکھ 60 ہزار ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائیں، عید صفائی آپریشن میں 1 لاکھ 84 ہزار ورکرز نے حصہ لیا جن میں ستھرا پنجاب کی 60 ہزار گاڑیاں بھی آپریشن میں شامل تھیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے والی گاڑیوں نے 60 لاکھ کلومیٹر کا سفر کیا، لاہور سے اٹک تک اور ملتان سے رحیم یار خان اور صادق آباد تک بلا تفریق صفائی آپریشن جاری رہا جبکہ شہریوں کو تعفن سے بچانے کیلئے عرق گلاب، فینائل اور چونے کا استعمال کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ مریم نواز نے صفائی آپریشن کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی، مریم نواز نے ستھرا پنجاب کے ورکرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انکو 10،10 ہزار روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا ہے، پنجاب کی 4 ہزار سڑکوں کو عرق گلاب سے دھویا گیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل ہونے پر شہری بھی مسرت کا اظہار کر رہے ہیں، ستھرا پنجاب کے ورکرز نے 60 ہزار مساجد، امام بارگاہوں اور عید گاہوں کو بھی صاف کیا، ستھرا پنجاب کی ہیلپ لائن نے 100 فیصد شکایات کا ازالہ کیا ہے۔
