وزیراعظم کے عسکری قیادت، حکومتی و سیاسی شخصیات سے ٹیلیفونک رابطے، عید کی مبارکباد دی
(لاہورنیوز) وزیراعظم شہباز شریف نےفیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت تینوں فورسز کے سربراہان اور اعلی حکومتی وسیاسی شخصیات سے ٹیلیفونک رابطے کرکے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی ہے۔
پی ایم ہاؤس کے ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے صدرِ مملکت، گورنر پنجاب، گورنر بلوچستان، گورنر خیبر پختونخوا، سپیکر قومی اسمبلی ، وزرائے اعلیٰ پنجاب، سندھ ، بلوچستان اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے علیٰحدہ علیٰحدہ ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے عید کی مبارک باد پیش کی۔
اس کے علاوہ اُنہوں نے استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین عبدالعلیم خان، بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد مگسی اور قومی عوامی پارٹی کے رہنما آفتاب شیرپاؤ سے بھی ٹیلیفون رابطہ کیا اور عید کی مبارک باد پیش کی۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی، خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے اور قوم کو اتحاد و اتفاق کی دولت سے نوازے۔
اپنی گفتگو کے دوران شہباز شریف نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر روابط اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں اور اکائیوں کے ساتھ مل کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
