(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں جاری خصوصی صفائی آپریشن دوسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری رہا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے “ستھرا پنجاب” پروگرام سمیت صفائی مہم میں شریک تمام اداروں، افسران اور عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی، ان کی ہدایت پر تمام شہروں اور دیہات میں سڑکوں، گلیوں اور بازاروں کی خصوصی صفائی اور دھلائی کا عمل جاری رکھا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق آلائشیں اور دیگر باقیات فوری طور پر اٹھا کر ڈمپنگ سائٹس منتقل کی گئیں جہاں انہیں محفوظ طریقے سے تلف کیا گیا، اس کے ساتھ ساتھ بازاروں، گلیوں اور رہائشی علاقوں میں عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا تاکہ ماحول کو خوشگوار اور صاف ستھرا بنایا جا سکے۔
اٹک، بہاولنگر، بہاولپور، بھکر، فیصل آباد، چنیوٹ، چکوال اور راجن پور میں صفائی آپریشن مکمل طور پر کامیابی سے جاری رہا جبکہ منڈی بہاؤالدین، میانوالی، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور دیگر شہروں میں بھی گلی محلوں اور بازاروں کی صفائی کے مؤثر انتظامات کئے گئے۔
اسی طرح گوجرانوالہ، حافظ آباد، گجرات، خانیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور لیہ سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مثالی صفائی کے اقدامات دیکھنے میں آئے۔
حکام کے مطابق عوام کی جانب سے کمپلینٹ سیل پر موصول ہونے والی ہر ضلع کی شکایات کا 100 فیصد ازالہ یقینی بنایا گیا، جبکہ صفائی آپریشن کے دوسرے روز بھی شہریوں نے حکومتی اقدامات پر اظہارِ تشکر کیا اور ستھرا پنجاب مہم کو خوش آئند قرار دیا۔
