(لاہور نیوز) ماہرین صحت نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر لذیذ کھانوں اور باربی کیو سے لطف اندوز ہوں، تاہم احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔
ماہرین کے مطابق گوشت اور چٹ پٹے پکوانوں کا حد سے زیادہ استعمال صحت کے مسائل کا سبب بن سکتا ہے، خصوصاً گرم موسم میں زیادہ گوشت کھانے سے بدہضمی، تیزابیت اور معدے کی دیگر شکایات پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
طبی ماہرین نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے فوری بعد ہسپتالوں میں گیسٹرو اور معدے کے امراض کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے، جس کی بڑی وجہ غیر متوازن غذا اور حفظانِ صحت کے اصولوں کو نظرانداز کرنا ہے۔
ماہرین صحت نے شوگر، بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور دل کے امراض میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ گوشت کم مقدار میں استعمال کریں اور اپنی ادویات بروقت لیتے رہیں۔
انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ زیادہ پانی پئیں، تازہ اور متوازن غذا استعمال کریں اور گوشت کو مناسب طریقے سے محفوظ رکھا جائے تاکہ بیماریوں سے بچا جا سکے۔
