(لاہور نیوز)عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی پنجاب ٹریفک پولیس نے مویشیوں کی غیر قانونی اور خطرناک ترسیل کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے تمام ٹریفک افسران کو انسانی جانوں اور قربانی کے جانوروں کے تحفظ کیلئے خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق مسافر بردار گاڑیوں میں قربانی کے جانور منتقل کرنا مکمل طور پر ممنوع ہے، جبکہ بسوں، ویگنوں اور کوچز میں جانور لانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ جانوروں کو گاڑیوں کی چھتوں یا خطرناک انداز میں منتقل کرنا نہ صرف غیر قانونی بلکہ حادثات کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے ہدایت کی کہ قربانی کے جانوروں کی محفوظ ترسیل کیلئے صرف مال بردار گاڑیوں کا استعمال کیا جائے تاکہ انسانی جانوں اور قیمتی مویشیوں کو حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے، انہوں نے ٹرانسپورٹرز اور مویشی مالکان پر زور دیا کہ چند پیسوں کی بچت کیلئے جانوروں اور شہریوں کی زندگیاں خطرے میں نہ ڈالیں۔
محمد وقاص نذیر کا کہنا تھا کہ تمام ٹریفک افسران مویشیوں کی غیر قانونی ترسیل کے خلاف بلاامتیاز کارروائی یقینی بنائیں، جبکہ شہری بھی ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی زندگی کو محفوظ بنائیں۔
