(لاہور نیوز) عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی شاہ پور کانجراں مویشی منڈی ایک بار پھر خریداروں اور بیوپاریوں سے آباد ہونے لگی۔
منڈی میں جہاں خوبصورت بیل اور بکرے شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، وہیں بچوں میں اونٹ دیکھنے اور خریدنے کا شوق بھی بڑھتا دکھائی دے رہا ہے، تاہم اونٹوں کی بلند قیمت کے باعث خریدار محتاط انداز اپنائے ہوئے ہیں۔
منڈی میں آنے والے بیوپاری پُرامید دکھائی دے رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ چند روز قبل تک خرید و فروخت سست روی کا شکار تھی، تاہم اب عید قریب آنے کے ساتھ گاہکوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، مختلف نسلوں کے جانوروں کی خریداری تیزی سے جاری ہے اور شہری اپنی پسند اور بجٹ کے مطابق جانور تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔
بیوپاری عید سے پہلے کاروبار میں مزید بہتری کیلئے پُرامید ہیں، جبکہ خریدار مناسب قیمت اور بہتر جانور کی تلاش میں مسلسل مویشی منڈی کا رخ کر رہے ہیں۔
