(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 6 فوڈ یونٹس پر چھاپے مارے۔
اس دوران 3 یونٹس کو ناقص انتظامات اور مضر صحت اشیاء کے استعمال پر بند جبکہ 3 کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، کارروائیاں ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے حکم پر بند روڈ، شالیمار ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں کی گئیں۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائیوں کے دوران 5 ہزار لٹر ایکسپائر شیرہ، 80 کلو ناقص سرخ مرچ اور ایک من سے زائد مختلف ممنوعہ اشیاء تلف کی گئیں، ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے بتایا کہ ناقص شوگر سیرپ میں مختلف مٹھائیاں تیار کی جا رہی تھیں جبکہ کچن میں حشرات کی بھرمار اور تعفن زدہ ماحول پایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گندے، بدبودار اور فنگس زدہ فریزرز میں ڈیری مصنوعات اور گوشت کو اکٹھا ذخیرہ کیا گیا تھا، معائنہ کے دوران آئل تبدیلی کا ریکارڈ، فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے جبکہ خام اور تیار شدہ اشیاء پر تاریخ اجراء اور تاریخ تنسیخ درج نہیں تھی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق بعض یونٹس میں پروسیسنگ ایریا میں سگریٹ نوشی کی جا رہی تھی اور غیر فلٹر شدہ پانی استعمال کیا جا رہا تھا، جو صحت عامہ کیلئے سنگین خطرہ ہے۔
سید موسیٰ رضا نے کہا کہ عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی دن رات کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور صحت دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
