(لاہورنیوز) انگلش کاؤنٹی کلب یارکشائر نے پاکستانی آلراؤنڈر فہیم اشرف کے ساتھ معاہدہ طے کرلیا ہے۔
یارکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فہیم اشرف کو آسٹریلوی آلراؤنڈر ول سدرلینڈ کے انجرڈ ہونے کے باعث اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
32 سالہ فہیم اشرف وٹالٹی بلاسٹ کے گروپ مرحلے کے دوران یارکشائر کو دستیاب ہوں گے، وہ روتھیسے کاؤنٹی چیمپئن شپ کے ساتویں اور آٹھویں راؤنڈ میں ٹیم کا حصہ بنیں گے۔
پنے بیان میں فہیم اشرف نے کہا کہ یارکشائر سے معاہدے پر انہیں بے حد خوشی ہے، پاکستان کے کئی کھلاڑی اس کلب کی نمائندگی کرچکے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ کلب کے ماحول اور اسکواڈ کے معیار کی تعریف کی ہے اب میں ہیڈنگلے پہنچنے کے لیے پُرجوش ہوں۔
یارکشائر کے جنرل منیجر گیون ہیملٹن نے کہا کہ فہیم اشرف ایک تجربہ کار ملٹی فارمیٹ کھلاڑی ہیں جو ٹیم کے لیے اہم اضافہ ثابت ہوں گے۔گیون ہیملٹن نے کہا کہ فہیم اشرف نچلے نمبروں پر تیز رفتار رنز بنانے اور گیند کے ساتھ میچ پر اثر انداز ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
واضح رہےکہ فہیم اشرف پاکستان کی جانب سے 17 ٹیسٹ اور 85 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ وہ حال ہی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کے دوسرے آلراؤنڈر بنے جنہوں نے ایک ہزار رنز اور 100 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا۔
