(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں سپورٹس سٹی کے قیام کے منصوبے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
اس حوالے سے سپورٹس بورڈ پنجاب کے سیکرٹری فضل الرحمان اورراوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او عمران امین کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران سپورٹس سٹی کیلئے زمین کے حصول اور تعمیراتی منصوبہ بندی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام کے مطابق لاہور میں پاکستان کا پہلا جدید سپورٹس سٹی قائم کیا جائے گا، جسے مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔
سیکرٹری سپورٹس فضل الرحمان نے کہا کہ یہ منصوبہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ سپورٹس سٹی میں جدید سپورٹس کمپلیکسز اور انٹرنیشنل معیار کے سٹیڈیمز تعمیر کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اس منصوبے کیلئے زمین ایکوائر کرنے کے عمل میں مصروف ہے۔
اجلاس میں ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس شبیر حسین چیمہ اور پی ایم یو سپورٹس کے دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔
