(ویب ڈیسک) لاہور میں 277 سکولوں کو نواز شریف سکول آف ایمیننس (NSSE) کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان سکولوں میں پرائمری اور مڈل سطح کے تعلیمی ادارے شامل ہیں، متعلقہ سکولوں کو شارٹ لسٹ کرنے کے بعد انہیں یہ درجہ دیا جائے گا، ایجوکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سکولوں میں طلبہ کی کم تعداد کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
ایجوکیشن اتھارٹی نے بتایا کہ مذکورہ سکولوں کی فہرست محکمہ سکول ایجوکیشن کو فراہم کر دی گئی ہے، تاہم حتمی فیصلہ سکولوں کے تفصیلی معائنے کے بعد کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں سکولوں کی عمارتوں اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا جائے گا، اس کے بعد تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے ذریعے سکولوں کی جانچ پڑتال کی جائے گی، جس کے بعد حتمی طور پر ان سکولوں کا انتخاب کیا جائے گا جنہیں نواز شریف سکول آف ایمیننس کا درجہ دیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تعلیمی نظام کو مضبوط بنانا اور طلبہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
