ایچ ای سی کا بڑا فیصلہ: ڈگری تصدیق کا مکمل آن لائن نظام نافذ، دفاترجانے کی شرط ختم
(لاہور نیوز) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ڈگریوں کی تصدیق کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اب شہریوں کو تصدیق کے لیے ایچ ای سی دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
نئے نظام کے مطابق تمام درخواست دہندگان کو آن لائن پورٹل کے ذریعے ہی اپنی ڈگری تصدیق کے لیے اپلائی کرنا ہوگا۔ یہ نظام یکم مئی سے باقاعدہ طور پر نافذ العمل ہو چکا ہے۔
اس سے قبل ڈگری تصدیق کے لیے فزیکل حاضری لازمی تھی، جس کے باعث شہریوں کو وقت اور اخراجات دونوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ ایچ ای سی حکام کے مطابق نئے نظام سے نا صرف عمل تیز ہوگا بلکہ شفافیت میں بھی اضافہ ہوگا۔
ملک بھر میں ہر سال لاکھوں افراد ڈگریوں کی تصدیق کرواتے ہیں، اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس تبدیلی سے ان ہزاروں طلبہ اور گریجویٹس کو سہولت ملے گی جو تعلیمی یا روزگار کے سلسلے میں دستاویزات کی تصدیق کرواتے ہیں۔
ایچ ای سی کے مطابق آن لائن نظام سے دفاتر پر رش کم ہوگا اور شہریوں کو طویل قطاروں اور بار بار کے چکروں سے نجات ملے گی۔
