(لاہور نیوز) پاکستان سپر لیگ 11 فائنل کے سلسلے میں قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے اہم مقابلے کے لیے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جہاں حیدر آباد کنگزمین اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہوں گی۔
پنجاب پولیس کے مطابق میچ کے دوران 7 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ تمام سپروائزری افسران سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کا خود جائزہ لیں اور ڈیوٹی پوائنٹس پر اہلکار مکمل الرٹ رہیں۔
ترجمان کے مطابق ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس کو شہر بھر میں موثر پٹرولنگ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جبکہ ٹیموں کے روٹس، رہائش گاہوں اور سٹیڈیم کے اطراف سرچ، سویپ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بھی جاری ہیں۔
سکیورٹی پلان کے تحت سٹیڈیم اور اہم مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ اطراف کی بلند عمارات پر سنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ میچ سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ سکیورٹی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔
