(لاہور نیوز) امتحانی نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے اور جعلی امیدواروں کے داخلے کو روکنے کیلئے تعلیمی بورڈز نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تمام تعلیمی بورڈز کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ آئندہ امتحانات میں شرکت کیلئے طلبا و طالبات کی بائیو میٹرک ویریفکیشن ضروری ہوگی، جس کے بغیر کسی بھی امیدوار کو امتحانی مرکز میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس سلسلے میں گورنمنٹ اور الحاق شدہ پرائیویٹ سکولز و کالجز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ بائیو میٹرک ڈیوائسز اور ضروری کمپیوٹر سسٹمز کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ تعلیمی اداروں پر لازم ہوگا کہ رجسٹریشن سے قبل یہ سہولیات مکمل طور پر فعال ہوں۔
رپورٹ کے مطابق صرف نہم اور گیارہویں جماعت کی رجسٹریشن میں 25 لاکھ سے زائد طلبہ کے فنگر پرنٹس سکین کیے جائیں گے، جبکہ لاہور بورڈ نہم و گیارہویں جماعت کے 5 لاکھ سے زائد طلبہ کی فنگر پرنٹس لے گا۔
تمام طلبہ کی رجسٹریشن آن لائن کی جائے گی، اور اس دوران دونوں انگوٹھوں کے فنگر پرنٹس کی لائیو سکیننگ لازمی ہوگی۔ تعلیمی بورڈز کے مطابق بغیر لائیو سکیننگ کے کسی بھی امیدوار کی رجسٹریشن ممکن نہیں ہوگی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ بائیو میٹرک ڈیوائسز اور کمپیوٹرز کی عدم دستیابی کی ذمہ داری مکمل طور پر متعلقہ تعلیمی اداروں کے سربراہان پر عائد ہوگی۔
تعلیمی بورڈز کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد امتحانی نظام میں شفافیت لانا، نقل اور جعلی امیدواروں کا خاتمہ کرنا اور میرٹ کو یقینی بنانا ہے۔
