(لاہور نیوز) عوامی دباؤ کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں جزوی نرمی کا فیصلہ کر لیا گیا۔
اس فیصلے کے تحت فٹنس سرگرمیوں سے وابستہ شعبے کو ریلیف دینے کی تیاری مکمل کر لی گئی۔
ذرائع کے مطابق حکومتِ پنجاب نے جم، فٹنس سینٹرز اور ان ڈور سپورٹس ایکٹیویٹیز سینٹرز کے اوقات کار میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے، مجوزہ فیصلے کے تحت جم اور فٹنس سینٹرز کو رات 10 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دی جائے گی یا انہیں مخصوص پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے لاک ڈاؤن میں نرمی کیلئے پنجاب حکومت کو باقاعدہ تجویز بھجوائی تھی، جس میں جم کے اوقات کار بڑھانے کی سفارش شامل تھی، حکومت نے ان تجاویز سے اصولی طور پر اتفاق کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق نئے اوقات کار سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا، جس کے بعد اس فیصلے پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔
