(ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ سپر سٹار شاہ رخ خان نے انہیں اپنی فلم کے لیے مشہور گانا گانے کی پیشکش کی تھی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں علی ظفر نے بتایا کہ شاہ رخ خان نے میرا گانا سن رے سجنیا سننے کے بعد مجھے اپنی فلم کے گانے دردِ ڈسکو کے لیے منتخب کرنا چاہا تھا، شاہ رخ خان نے میرے کام کو سراہتے ہوئے خود یہ پیشکش کی تھی۔
علی ظفر نے کہا کہ میں چاہتا تھا کہ میں اُن کا گانا درد ڈسکو گاؤں، یہ اُن کی فلم کا گانا تھا، وہی جس میں سکس پیک وغیرہ والا سین تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت میں بھارت میں موجود نہیں تھا، جس کی وجہ سے شیڈول کے مسائل کے باعث یہ موقع ہاتھ سے نکل گیا۔
یاد رہے کہ یہ گانا دردِ ڈسکو 2007ء کی فلم اوم شانتی اوم میں شامل کیا گیا تھا، جو باکس آفس پر بڑی کامیاب فلم ثابت ہوئی، جبکہ یہ گانا معروف گلوکار سکھویندر سنگھ نے گایا تھا اور اس کی موسیقی وشال شیکھر نے ترتیب دی تھی۔
