(ویب ڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریما خان نے حالیہ انٹرویو میں اداکاراؤں میرا اور ریشم سے متعلق جاری تنازعات اور میڈیا رویے پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ریما خان نے کہا کہ پاکستان میں اکثر میزبان اور پوڈکاسٹرز فنکاروں کے ساتھ غیر مناسب رویہ اختیار کرتے ہیں اور ان سے ایسے سوالات کئے جاتے ہیں جو ان کی ذاتی زندگی سے متعلق ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فنکاروں کو ان کے کام اور فن کی بنیاد پر پرکھنے کے بجائے ان کی نجی زندگی کو زیادہ موضوع بنایا جاتا ہے، جو نہ صرف مہمان بلکہ میزبان کی ساکھ پر بھی منفی اثر ڈال سکتا ہے۔
اداکارہ نے اداکارہ میرا کے حوالے سے کئے گئے سوالات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے رویے شوبز انڈسٹری کیلئے نقصان دہ ہیں۔
ریما خان نے اداکارہ ریشم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت خوبصورت انداز میں گفتگو کرتی ہیں اور ان کی زندگی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے ریشم کو مشورہ دیا کہ وہ دوسروں کی باتوں پر اندھا یقین کرنے کے بجائے خود حالات کا تجزیہ کریں اور سنی سنائی باتوں سے متاثر نہ ہوں۔
انٹرویو کے دوران ریما خان نے اس بات پر زور دیا کہ فنکاروں کو عزت دینا اور ان کے کام کو سراہنا معاشرے کی ذمہ داری ہے، جبکہ غیر ضروری ذاتی سوالات سے گریز کیا جانا چاہئے۔
