(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے اساتذہ کو سفری سہولت فراہم کرنے کیلئے ای بائیک سکیم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت اساتذہ کو بلاسود اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق سی ایم پنجاب ای بائیک ٹیچر سکیم کیلئے آن لائن درخواستوں کا آغاز جلد کیا جائے گا، اور اساتذہ پنجاب ٹیچرز فاونڈیشن کی ویب سائٹ کے ذریعے اپلائی کر سکیں گے۔
درخواست دینے کیلئے سی این آئی سی، سروس سرٹیفکیٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور پاسپورٹ سائز تصویر لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ درخواست جمع کروانے کے بعد تصدیقی سلپ ڈاؤن لوڈ کرنا بھی ضروری ہوگا۔ تصدیق مکمل ہونے پر اساتذہ کو ایس ایم ایس یا ای میل کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔
سکیم کے تحت ای بائیک کی قیمت تقریباً 2 سے ڈھائی لاکھ روپے کے درمیان ہوگی، جس پر حکومت کی جانب سے 30 سے 40 فیصد سبسڈی دی جائے گی، جبکہ باقی رقم اساتذہ 2 سے 3 سال کی آسان اقساط میں ادا کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ماہانہ قسط 3600 سے 4200 روپے تک متوقع ہے، جس سے اساتذہ کیلئے جدید اور کم خرچ سفری سہولت حاصل کرنا آسان ہو جائے گا۔
