(لاہور نیوز) تعلیمی نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے سکول ہیڈز کو بھی تدریسی عمل میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے تمام سکول سربراہان کو ہفتہ وار کم از کم 18 پیریڈز پڑھانے کی ہدایت جاری کر دی جس کے مطابق لاہور کے سکول ہیڈز روزانہ کم از کم 3 پیریڈز لینے کے پابند ہوں گے اور انہیں اپنی انتظامی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ تدریسی فرائض بھی انجام دینا ہوں گے۔
اس کے علاوہ تمام سکول ہیڈز کو اپنے ٹائم ٹیبل میں تدریسی اوقات واضح طور پر ظاہر کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے اندر عملدرآمد رپورٹ جمع کروائی جائے، حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں میں تدریسی کمی کو پورا کرنا اور نظامِ تعلیم کو مزید بہتر بنانا ہے۔
سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ہیڈ ٹیچرز کی کلاس روم میں واپسی کو لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ تدریسی کمی کو پورا کرنے کیلئے انتظامی افسران کو بھی عملی طور پر شامل کیا جا رہا ہے۔
