(لاہور نیوز) پنجاب پپلک سروس کمیشن (پی ایم ایس) نے 2025 کے امید واروں کے امتحانی مراکز راولپنڈی سے لاہور منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے 1216 امیدواروں کے لازمی مضامین کے پیپرز اب لاہور میں منعقد ہوں گے،جن میں 754 مرد اور 462 خواتین شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق امتحانات 24 اپریل سے 26 اپریل 2026 تک منعقد ہونا تھے، تاہم امتحانات اب ڈویژنل پبلک سکول ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوں گے۔
پی پی ایس سی حکام کا کہنا ہے کہ امیدواروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے فیصلہ کیا گیا، متاثرہ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ 21 اپریل 2026 دوپہر 2 بجے کے بعد نظرثانی شدہ ایڈمیشن لیٹرز ڈاؤن لوڈ کریں، اور امیدوار مقررہ شیڈول کے مطابق نئے امتحانی مرکز میں حاضری یقینی بنائیں۔
دوسری جانب پی ایم ایس/کمبائنڈ کمپیٹیٹو ایگزامینیشن 2025 فیز ون کے نتائج پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں 119 آسامیوں کے لیے 8 ہزار سے زائد امیدوار کامیاب قرار دیے جاچکے ہیں۔
25 جنوری 2026 کو منعقدہ فیز ون امتحان میں 36 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہوئے، جن میں 8898 امیدوار فیز ون میں کامیاب قرار پائے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کامیاب امیدواروں کو فیز ٹو کے 11 سبجیکٹو پرچوں کے لیے بلایا جائے گا، فیز ٹو میں 5 لازمی اور 6 اختیاری مضامین شامل ہوں گے، جبکہ تحریری امتحان کے بعد نفسیاتی جانچ اور انٹرویو کا مرحلہ ہوگا۔
