(لاہور نیوز) سرکاری سکولوں میں طلبہ کی ذہنی صحت کو بہتر بنانے کیلئے نفسیاتی بہبود پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے مطابق “سائیکولوجی ڈویلپمنٹ پروگرام” کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ کو شامل کیا جائے گا، جس کا مقصد نوجوانوں میں ذہنی صحت سے متعلق آگاہی اور جذباتی مضبوطی کو فروغ دینا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پروگرام میں طالبات کو خصوصی ترجیح دی جائے گی، جبکہ سیشنز کے دوران جذباتی آگاہی، ذہنی دباؤ سے نمٹنے کی صلاحیت (ریزیلینس)، ذاتی تحفظ اور کیریئر گائیڈنس جیسے اہم موضوعات پر رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
پروگرام کی قیادت ماہرین سمایہ بٹ اور دایان ظفر کریں گے، جبکہ انٹرنی ٹرینرز بھی اس عمل میں معاونت فراہم کریں گے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے سکول انتظامیہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ پروگرام کے انعقاد میں مکمل تعاون یقینی بنائیں۔
حکام کے مطابق تمام انتظامات مکمل ہونے اور باقاعدہ منظوری کے بعد پروگرام کا آغاز کر دیا جائے گا، جس سے طلبہ کی ذہنی اور جذباتی نشوونما میں مثبت پیش رفت متوقع ہے۔
