
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ نئے مالی سال کے آغاز سے صوبے کے 66 شہروں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کر دیا جائے گا۔
سول سیکرٹریٹ لاہور میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہ، اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل اور پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے ایم ڈی زاہد عزیز سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران ذیشان رفیق کو سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام پر بریفنگ دی گئی، جس پر انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر تمام شہروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، ان منصوبوں میں رابطہ سڑکوں کی مرمت، جدید سیوریج سسٹم کی تنصیب اور سو سال تک مؤثر رہنے والے لائننگ والے سیوریج پائپس کا استعمال شامل ہے۔
وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے اگلے مرحلے میں مزید 110 شہروں کو بھی ترقیاتی دائرہ کار میں شامل کیا جائے گا، تاکہ صوبے بھر میں شہری زندگی کو بہتر اور معیاری بنایا جا سکے۔