موثر پٹرولنگ اور مربوط سکیورٹی انتظامات سے عیدالاضحٰی پُرامن گزری، آئی جی پنجاب

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے عیدالاضحٰی کے موقع پر بہترین سکیورٹی انتظامات پر پولیس فورس کو شاباش دی۔
اپنے بیان میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، ڈی پی اوز، ٹریفک افسران سمیت سینئر افسران فیلڈ میں موجود رہے، سیف سٹیز اتھارٹی نے بہترین مانیٹرنگ اینڈ سرویلنس کے ذریعے لاہور سمیت صوبہ بھر کو آلائشوں سے پاک، صاف ستھرا رکھنے میں مدد فراہم کی۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ موثر پٹرولنگ، مانیٹرنگ، مربوط سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے عیدالاضحٰی پُرامن گزری، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ میں ملوث قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق عیدالاضحٰی پر لاہور سمیت صوبہ بھر سے ون ویلنگ میں ملوث 32 قانون شکن گرفتار، 25 مقدمات درج ہوئے، ہوائی فائرنگ میں ملوث 7 قانون شکن عناصر گرفتار، ناجائز اسلحہ برآمد ہوا، اسلحہ کی نمائش کے ذریعے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے الزام میں 4 ملزمان گرفتار کئے گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر 7 ملزمان گرفتار کئے گئے، عیدالاضحٰی کے موقع پر غیرقانونی طور پر کھالیں اکٹھی کرنے کے الزام میں 14 مقدمات درج کئے گئے۔