
(لاہور نیوز) عید قربان کے تیسرے روز بھی لاہور میں صفائی آپریشن زور و شور سے جاری ہے۔
شہر کی اہم شاہراہوں، چوراہوں اور تجارتی مراکز میں عرقِ گلاب ملے پانی سے سڑکوں کی دھلائی کا عمل جاری ہے، ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے خصوصی نائٹ شفٹ میں شہر کی صفائی و دھلائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ آلائشوں کے بعد پیدا ہونے والی بدبو اور گندگی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
اہم مقامات پر صفائی و واشنگ میں داتا دربار، آزادی چوک فلائی اوور، مال روڈ، جیل روڈ، پنجاب اسمبلی چوک، قرطبہ چوک، مین بلیوارڈ گلبرگ، لبرٹی مارکیٹ، ایم ایم عالم روڈ پر فٹ پاتھس اور بس سٹاپس کی خصوصی دھلائی کی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ ملتان روڈ، فیروز پور روڈ، نشتر چوک، گجومتہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی دھلائی کا عمل جاری ہے۔
بابر صاحب دین کے مطابق نائٹ شفٹ میں واشنگ آپریشن میں عرق گلاب ملے پانی کا استعمال شہریوں کو خوشگوار ماحول فراہم کرنے کی کوشش ہے۔ آلائشوں کی کلیکشن کے بعد فٹ پاتھ، یو ٹرنز اور بس سٹاپس کی باقاعدہ صفائی بھی کی جا رہی ہے۔