(لاہور نیوز) فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی ایکسپائرڈ اشیائے خورونوش کی بھاری کھیپ ضبط کر لی۔
ترجمان کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے احکامات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اسد اللہ نے رانا ٹاؤن کے ایک گودام پر چھاپہ مارا، کارروائی سے قبل تین روز تک خفیہ نگرانی (ریکی) کی گئی، جس کے بعد گودام کا سراغ لگا کر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
چھاپے کے دوران 33 ہزار 750 کلو سے زائد غیر ملکی ایکسپائرڈ مصنوعات برآمد کی گئیں، جن میں 11 ہزار 100 لٹر جوس اور سیرپ، 2 ہزار 88 کلو ملک پاؤڈر، 310 لٹر جیلی، 2 ہزار کلو جام، 3200 کلو ویفلز اور دیگر اشیاء شامل ہیں، جعلسازی میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کے مطابق معروف غیر ملکی کمپنیوں کی ایکسپائرڈ مصنوعات پر نئے لیبل لگا کر انہیں مارکیٹ میں فروخت کیلئے تیار کیا جا رہا تھا، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ ایک منظم فوڈ فراڈ نیٹ ورک تھا، جسے بے نقاب کر دیا گیا۔
سید موسیٰ رضا نے مزید کہا کہ ریٹیلر سے لے کر ڈسٹری بیوشن اور ہول سیل سطح تک تمام مراحل کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
