
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس اپنے ملازمین کے خصوصی بچوں کے علاج کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ دو سال میں خصوصی بچوں کے علاج کے لئے مجموعی طور پر 30 کروڑ 84 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کئے گئے، 41 بچوں کی کوکلیئر امپلانٹ سرجری کیلئے 7 کروڑ 17 لاکھ روپے سے زائد کی رقم جاری کی گئی، سیریبرل پالسی کے شکار 654 بچوں کو ماہانہ 10 ہزار روپے وظیفہ دیا گیا، جس پر اب تک 12 کروڑ 68 لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ تھیلیسیمیا سے متاثرہ 161 بچوں کو ماہانہ 15 ہزار روپے دیئے گئے، جس کی مجموعی مالیت 5 کروڑ 27 لاکھ 85 ہزار روپے سے زائد ہے، قوت سماعت سے متاثرہ 162 بچوں کیلئے 1 کروڑ 2 لاکھ روپے سے زائد کی رقم جاری کی گئی، مختلف سنگین بیماریوں میں مبتلا 181 بچوں کے علاج کیلئے 3 کروڑ 68 لاکھ روپے سے زائد فراہم کئے گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ زیر تعلیم 58 خصوصی بچوں کو 1 کروڑ روپے سے زائد کے وظائف دیئے گئے، جسمانی معذوری کا شکار 131 بچوں کو وہیل چیئرز فراہم کی گئیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ پولیس ملازمین کے خصوصی بچوں کی زندگی کو آسان، باوقار اور باعزت بنانے کیلئے ویلفیئر اقدامات جاری رہیں گے۔