(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کے زیر اہتمام انوسٹی گیشن کے نظام میں بہتری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ اور تفتیشی امور میں اصلاحات کے حوالے سے خصوصی سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایسوسی ایشن آف فارمر انسپکٹرز جنرل آف پولیس (AFIGP) پنجاب چیپٹر کے عہدیداران اور سابق آئی جیز نے شرکت کی۔
اس موقع پر سابق آئی جیز کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب عبدالکریم سے ملاقات کی۔ وفد میں صدر اے ایف آئی جی پی پنجاب چیپٹر سابق آئی جی احمد نسیم، طارق کھوسہ، غلام حیدر مارتھ، امجد سلیمی، خواجہ خالد فاروق، ایم رفیق حسن، شوکت حیات، شوکت جاوید اور ایڈیشنل آئی جی اسلم ترین سمیت دیگر عہدیداران شامل تھے۔
سمپوزیم کے دوران آئی جی ریلویز و سابق ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن پنجاب شہزادہ سلطان نے پنجاب پولیس انوسٹی گیشن برانچ کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ شرکاء نے تفتیشی نظام میں اصلاحات، افسران و اہلکاروں کی جدید خطوط پر تربیت، وسائل کی فراہمی اور پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔
سابق آئی جیز نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے انوسٹی گیشن کے شعبے کی بہتری کے لیے بھرپور سرپرستی اور عملی اقدامات کو سراہا۔ وفد کے ارکان نے ملک و قوم کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پنجاب پولیس کے شہداء کی لازوال قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ انوسٹی گیشن پولیسنگ، پالیسی سازی، اصلاحات، تربیت اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ کے لیے سابق آئی جیز کے تجربات اور مشاورت سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔ سابق آئی جیز کی آرا، فیڈ بیک اور رہنمائی سے پنجاب پولیس کے شعبہ تفتیش کی پیشہ ورانہ استعداد کار بڑھانے میں نمایاں مدد ملی ہے۔
صدر اے ایف آئی جی پی پنجاب چیپٹر سابق آئی جی احمد نسیم نے کہا کہ ایسوسی ایشن پنجاب پولیس کے شعبہ تفتیش کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے، جدید تربیت، سکلز ڈویلپمنٹ اور افسران کی گرومنگ کے لیے بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔
سمپوزیم میں آئی جی ریلویز و سابق ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن پنجاب شہزادہ سلطان، ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن محمد کامران خان، ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن کامران عادل، ڈی آئی جی لیگل، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن لاہور، ایس پی انوسٹی گیشن پنجاب اور اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی فاروق سلطان سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔
سمپوزیم کا مقصد سابق پولیس سربراہان کے وسیع تجربات اور تجاویز کی روشنی میں پنجاب پولیس کے تفتیشی نظام کو مزید مؤثر، جدید اور پیشہ ورانہ تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔
