(لاہور نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں کی عمارتیں، گراؤنڈز اور دیگر سہولیات ذاتی اور نجی تقریبات کیلئے استعمال کرنے پر سخت پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق سرکاری سکولوں میں شادی بیاہ، نجی اجتماعات اور دیگر غیر سرکاری تقریبات منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
نئی ہدایات کے تحت سکولوں کے کلاس رومز، ہالز، کھیل کے میدان اور دیگر عمارتیں کسی بھی نجی یا تجارتی تقریب کیلئے استعمال نہیں کی جا سکیں گی، اس پابندی کا اطلاق تدریسی و غیر تدریسی عملے سمیت بیرونی افراد اور تنظیموں پر بھی ہو گا۔
محکمہ کے مطابق پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہو گی اور ہفتہ وار تعطیلات، سرکاری چھٹیوں اور موسم گرما و سرما کی تعطیلات کے دوران بھی سکولوں کی عمارتیں نجی تقریبات کیلئے فراہم نہیں کی جا سکیں گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سکولوں کی عمارتوں کا غیرقانونی استعمال تعلیمی ماحول متاثر کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتا ہے، جبکہ سرکاری بجلی، گیس اور دیگر سہولیات کے غیر ضروری استعمال کی روک تھام بھی اس فیصلے کا مقصد ہے۔
حکم نامے کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ سکول کے پرنسپل یا ہیڈ ٹیچر کو ذاتی طور پر ذمہ دار قرار دیا جائے گا، محکمہ نے سی ای اوز، ڈی ای اوز، ڈپٹی ڈی ای اوز اور اے ای اوز کو پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے سکولوں کے اچانک اور باقاعدہ معائنے کا حکم بھی دیا ہے، خلاف ورزی کے واقعات فوری طور پر محکمہ کو رپورٹ کرنا ہوں گے۔
