(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال برقرار ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 269 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 269 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بھارت کا شہر کولکتہ 253 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے اور بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکا 190 انڈیکس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
شہر میں ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ سمت شمال مغربی ہے، دوپہر کے اوقات میں ہواؤں کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھنے کی توقع ہے، جس سے فضائی آلودگی میں بھی بہتری آنے کا امکان ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں انسدادِ سموگ آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے جبکہ آلودگی کے مقامی ذرائع کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں پر صنعتی یونٹس، اینٹوں کے بھٹوں، پلاسٹک اور کمرشل ککنگ پوائنٹس کے خلاف کارروائیاں کی گئیں اور لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
پنجاب بھر میں 272 صنعتی یونٹس کی انسپیکشن کی گئی، خلاف ورزی پر 11 یونٹس سیل اور 2 مسمار کر دیے گئے جبکہ 13 لاکھ 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کارروائی کے دوران 513 بھٹوں کی انسپیکشن کی گئی۔ خلاف ورزی پر 24 بھٹے سیل، 6 مسمار اور 8 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 18 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
غیر معیاری پلاسٹک کے خلاف کارروائی میں 183 مقامات کی انسپیکشن کی گئی اور 294 کلوگرام پلاسٹک ضبط کیا گیا، خلاف ورزی پر 30 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
دھوئیں کے اخراج پر قابو پانے کے لیے 92 باربی کیو اور کمرشل ککنگ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 58 مقامات پر سکشن ہڈز نصب کیے گئے جبکہ 3 مقامات سیل کر دیے گئے۔
حکام کے مطابق کمرشل کچنز اور باربی کیو پوائنٹس پر سکشن ہڈز کی تنصیب کے ساتھ ان کی مؤثر فعالیت یقینی بنانے کے لیے بھی نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ڈرون سکواڈ، نائٹ سکواڈ اور ہاک آئی فیلڈ اسکواڈ بھی متحرک ہیں، دن رات نگرانی اور خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی جاری ہے۔
کلائمیٹ واچ کے سائنسی ڈیٹا کی بنیاد پر ہواؤں کی رفتار، سمت اور فضائی آلودگی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ موسمی حالات کے مطابق انسدادِ سموگ حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق موسمی حالات حکومت کے اختیار میں نہیں، تاہم آلودگی کے مقامی ذرائع کو کنٹرول کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس معاملے میں کوئی نرمی نہیں برتی جا رہی۔
انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ فصلیں نہ جلائیں جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی کہ کسی قسم کا دھواں پیدا نہ کریں اور ماحول کا خیال رکھیں۔
