(لاہور نیوز)دنیا بھر کی طرح لاہور میں بھی ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی یاد کا دن منایا جا رہا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ ہر ٹریفک حادثے کے پیچھے ایک انسانی المیہ اور متاثرہ خاندان ہوتا ہے، حادثات قسمت میں نہیں بلکہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے باعث پیش آتے ہیں۔
سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی کے مطابق رواں سال لاہور میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 237 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ٹریفک پولیس کے 22 افسران اور اہلکار بھی حادثات میں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مقابلے میں ٹریفک حادثات میں زیادہ قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، تقریباً 80 فیصد ٹریفک حادثات ٹریفک قوانین کو نظر انداز کرنے کے باعث پیش آتے ہیں۔
عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ ٹریفک حادثات کا شکار ہونے والوں میں زیادہ تر 21 سے 30 سال کی عمر کے نوجوان شامل ہیں، ڈرائیونگ کے دوران احتیاط اور ٹریفک قوانین کی پابندی سے حادثات کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔
سی ٹی او نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
