(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ خواتین کو معاشی خودمختاری دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پاک انٹرنیشنل بزنس فورم کے زیر اہتمام ’’ہمارا ہنر، ہماری پہچان‘‘ کے عنوان سے خدیجۃ الکبریٰ نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے خصوصی شرکت کی اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کے حقوق، معاشی خودمختاری اور بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے اہم خیالات کا اظہار کیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کے حوالے سے بہت سے تحفظات موجود ہیں، اگر معاشرے میں عدل و انصاف قائم ہو تو خواتین کو درپیش بہت سی پریشانیوں کا خاتمہ ممکن ہے، پوری دنیا اس وقت افراتفری کا شکار ہے اور لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق نہیں مل رہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں امیر اور غریب کے درمیان فرق بڑھتا جا رہا ہے جبکہ مڈل کلاس طبقہ بھی معاشی دباؤ کا شکار ہے، ایسے حالات میں خواتین اگر ملازمت اور معاشی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیں گی تو ان کیلئے گھریلو اخراجات پورے کرنا کیسے ممکن ہو گا؟
امیر جماعت اسلامی نے پنجاب میں بچیوں کی تعلیم کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں اس وقت تقریباً 80 لاکھ بچیاں سکول نہیں جا رہیں، ان کے بقول موجودہ حکومتی نظام ان بچیوں کو سکولوں تک پہنچانے میں ناکام ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 15 ہزار سکولوں کو آؤٹ سورس کر دیا ہے، جبکہ نجی سکولوں میں بھی تعلیم کا دہرا معیار قائم ہو چکا ہے، معیاری تعلیم کے حصول کیلئے انتہائی زیادہ فیسیں وصول کی جاتی ہیں، جس کے باعث عام آدمی کیلئے بچوں کو اچھی تعلیم دلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور حکومت کو اس حوالے سے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ ہر بچے اور بچی کو تعلیم کے یکساں مواقع میسر آسکیں۔
