(لاہور نیوز) نشتر کالونی کے علاقے میں کم سن گھریلو ملازمہ نور فاطمہ پر مبینہ تشدد کے مقدمے میں پولیس نے مرکزی ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق 14 سالہ نور فاطمہ کی والدہ کی درخواست پر تھانہ نشتر کالونی میں مالک مکان فرزانہ اور ثانیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ مدعیہ نے الزام عائد کیا کہ اس کی بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس کے گلے پر چھری چلانے کی کوشش بھی کی گئی۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق مرکزی ملزمہ کی گرفتاری کے بعد واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق اس سے قبل فرزانہ کی مدعیت میں نور فاطمہ اور اس کی والدہ کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں 48 ہزار روپے نقدی، 5.33 تولے سونا اور 14 سوٹ چوری ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ چوری اور تشدد کے الزامات کی تفتیش انوسٹی گیشن ونگ کے سپرد کر دی گئی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق کسی دباؤ یا اثرورسوخ کے بغیر شواہد کی بنیاد پر میرٹ پر کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔
