(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے اپنے جدید سرکاری گلف سٹریم G-500 جیٹ طیارے کا آپریشنل کنٹرول اور دیکھ بھال کی ذمہ داری پاک فضائیہ کو سونپنے کی منظوری دے دی ہے۔
صوبائی کابینہ نے اس حوالے سے باقاعدہ منظوری دی، جبکہ پنجاب حکومت اور پاک فضائیہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے مسودے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
دنیا نیوز نے پنجاب حکومت کے سرکاری گلف سٹریم طیارے سے متعلق اہم سرکاری دستاویزات حاصل کر لی ہیں، جن میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جدید طیارے کی دیکھ بھال اور آپریشن کے حوالے سے تکنیکی مشکلات درپیش تھیں۔
دستاویزات کے مطابق پنجاب حکومت کے وی آئی پی فلائٹ ونگ کی محدود تکنیکی صلاحیت کے باعث جدید گلف سٹریم G-500 طیارے کو سنبھالنا مشکل ہو رہا تھا، طیارے کے جدید اور پیچیدہ نظام کو مؤثر انداز میں چلانے کیلئے خصوصی تکنیکی مہارت، تربیت یافتہ عملے اور جدید انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے۔
سرکاری دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ جدید جیٹ طیارے کی محفوظ پرواز، مسلسل آپریشنل تیاری اور چوبیس گھنٹے دستیابی یقینی بنانے کیلئے اس کا آپریشنل کنٹرول اور مینٹیننس پاک فضائیہ کے سپرد کرنے کی تجویز دی گئی تھی، پاکستان ایئر فورس کے پاس گلف سٹریم طیارے کی دیکھ بھال کیلئے تربیت یافتہ عملہ، تکنیکی مہارت اور ضروری انفراسٹرکچر موجود ہے۔
دستاویزات کے مطابق پنجاب حکومت کا سرکاری گلف سٹریم G-500 طیارہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سے ڈی رجسٹر کیا جا چکا ہے، جبکہ پاکستان ایئر فورس نے طیارے کو اپنا ٹیل نمبر بھی الاٹ کر دیا ہے، دستاویزات کے مطابق پاک فضائیہ کے تین حاضر سروس پائلٹس کی خدمات ڈیپوٹیشن پر پنجاب حکومت کے حوالے کی گئی ہیں، تینوں پائلٹس پنجاب حکومت کے پائلٹس کے ساتھ مل کر گلف سٹریم G-500 کے فلائٹ آپریشن انجام دے رہے ہیں۔
پنجاب حکومت کے وی آئی پی فلائٹ ونگ نے طیارے کے آپریشنل کنٹرول اور مینٹیننس کی ذمہ داری پاک فضائیہ کو منتقل کرنے کیلئے مشاورت کی تھی، جس کے بعد صوبائی کابینہ نے اس تجویز کی منظوری دے دی، منظور شدہ مفاہمتی یادداشت میں طیارے کی دیکھ بھال، تکنیکی معاملات اور مالی انتظامات سے متعلق امور شامل ہیں، کابینہ نے سول ایوی ایشن سے طیارے کی ڈی رجسٹریشن اور پاک فضائیہ کی جانب سے ٹیل نمبر کی الاٹمنٹ کی بھی منظوری دے دی۔
دستاویزات کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر، ایس اینڈ جی اے ڈی کو پنجاب حکومت کی جانب سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا اختیار بھی تفویض کر دیا گیا ہے، اس فیصلے کا بنیادی مقصد جدید سرکاری طیارے کی محفوظ پرواز، تکنیکی دیکھ بھال اور مسلسل آپریشنل دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے پاک فضائیہ کی تکنیکی مہارت اور سہولیات سے استفادہ کرنا ہے۔
