(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور مبینہ منافع خوری نے غریب عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت 294 روپے فی کلو مقرر کئے جانے کے باوجود مارکیٹ میں گیس 550 سے 650 روپے فی کلو تک فروخت ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، جبکہ سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی دستیابی شہریوں کیلئے خواب بن کر رہ گئی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایل پی جی مافیا سرگرم ہے اور دکاندار سرکاری نرخوں کو نظر انداز کرتے ہوئے من مانے دام وصول کر رہے ہیں، ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے پہلے ہی مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے جینا مشکل بنا دیا ہے، گھریلو اخراجات پورے کرنا دشوار ہو چکا ہے اور مہنگی گیس کے باعث بچوں کو دو وقت کا کھانا کھلانا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
شہریوں کے مطابق اوگرا اور دیگر متعلقہ ادارے ایل پی جی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں، سرکاری قیمت اور مارکیٹ میں وصول کیے جانے والے نرخوں کے درمیان بھاری فرق نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔
