14 Nov 2026
(لاہور نیوز) موٹروے پر بابو صابو انٹرچینج کے قریب ٹریفک حادثے میں 15 سالہ نامعلوم بچی جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کے مطابق موٹروے پولیس اہلکار بچی کو تشویشناک حالت میں اسپتال لے کر پہنچے، جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
جاں بحق بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے، جبکہ تاحال اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔
پولیس ذرائع کے مطابق بچی کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کا بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہوگا۔
پولیس نے بچی کی شناخت اور لواحقین کی تلاش کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ قریبی آبادیوں میں بچی کی تصاویر دکھا کر اہل خانہ کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
