(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت کرائم کنٹرول بارے ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا، ان کا کہنا تھا کہ اختیارات سے تجاوز، کرپشن ہرگز برداشت نہیں، بلا امتیاز سخت ایکشن جاری رہے گا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب بھر میں قتل، ڈکیتی ریپ سمیت سنگین وارداتوں میں کمی کا رجحان مسلسل تیسرے ہفتے بھی برقرار ہے، اے آئی جی مانیٹرنگ نے بریفنگ دی کہ پنجاب پولیس کی موثر آپریشنل حکمت عملی کی بدولت سنگین وارداتوں میں کمی کا ٹرینڈ مستحکم ہوا ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ سنگین جرائم میں کمی کی شرح برقرار رکھنے کے لئے کرائم ہاٹ سپاٹس پر خصوصی فوکس، فوری ایکشن لیا جا رہا ہے۔ قتل، ڈکیتی، رابری، بچوں اور خواتین سے زیادتی سمیت آرگنائزڈ کرائم کی سرکوبی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز وزیر اعلی مریم نواز شریف کے 'محفوظ پنجاب ویژن' کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور جدوجہد جاری رکھیں۔ آر پی اوز ضلعی پولیس افسران کی کارکردگی کا باقاعدگی سے خود جائزہ لیں۔
