(لاہور نیوز) ستوکتلہ کے علاقے میں گھریلو تنازع پر داماد کی جانب سے سسرالیوں پر فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد دو ہو گئی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والی 85 سالہ کلثوم ہسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گئیں، جبکہ اس سے قبل 63 سالہ سمیع موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے، ملزم مرزا علی یار نے گھریلو تنازع پر اپنی ساس، سالے، سالی اور بیوی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، واقعے میں زخمی ہونے والی سالی رمیزہ ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ ملزم کی بیوی خالدہ کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے اور وہ انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں زیرِ علاج ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مرزا علی یار اور اس کی بیوی کے درمیان طویل عرصے سے گھریلو تنازع چل رہا تھا، جبکہ بیوی کی جانب سے ملزم کے خلاف پہلے ہی مقدمہ بھی درج کروایا گیا تھا، ابتدائی پولیس معلومات کے مطابق ملزم دیوار پھلانگ کر زبردستی گھر میں داخل ہوا اور اندر آتے ہی اپنے سسرالیوں پر فائرنگ کر دی، واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جہاں سے شواہد اکٹھے کئے گئے، پولیس نے دونوں جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق فرار ملزم کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور اس کی تلاش جاری ہے، واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔
