(لاہور نیوز) یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب میں سی این این اکیڈمی کے زیر اہتمام ’’اسٹوری ٹیلنگ اِن دی ایج آف اے آئی‘‘ کے عنوان سے 5 روزہ تربیتی کورس اور نیوز روم سیمولیشن کا انعقاد کیا گیا۔
12 سے 16 اکتوبر تک جاری رہنے والے اس پروگرام کے ذریعے پہلی بار سی این این اکیڈمی کا نیوز روم سیمولیشن پاکستان لایا گیا، تربیتی پروگرام میں شرکا نے خبروں کی تیاری سے لے کر اشاعت تک کے تمام مراحل میں عملی طور پر حصہ لیا۔
تربیتی پروگرام کے دوران شرکا نے بدلتی صورتحال کے مطابق خبروں کو اپ ڈیٹ کرنے، مختلف زاویوں سے کہانی پیش کرنے اور ذرائع کی تصدیق کرنے کی مشق کی۔
.jpg)
پروگرام میں شرکا نے نیوز کانفرنسز اور انٹرویوز کے دوران حکام، ترجمانوں اور عینی شاہدین کا کردار ادا کرنے والے افراد سے سوالات بھی کیے۔
تربیت میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں، تصاویر اور معلومات کی تصدیق کے بعد انہیں خبر میں استعمال کرنے کی مشق بھی شامل تھی جبکہ گمراہ کن معلومات سے نمٹنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
پروگرام کے اختتام پر شرکا میں سے ایک فاتح اور ایک رنر اپ ٹیم منتخب کی گئی، فاتح ٹیم کی تیار کردہ رپورٹ سی این این اکیڈمی کی ویب سائٹ پر شائع کی جائے گی۔
