(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت عوام کو اشیائے خورونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی جاری ہے۔
سیکرٹری فوڈ سیفٹی ڈاکٹر کرن خورشید کے مطابق لاہور میں ٹماٹر کی قیمت گزشتہ سال کے مقابلے میں 35 فیصد کم ہو کر 110 روپے فی کلو ہو گئی ہے، جبکہ گزشتہ سال ٹماٹر 170 روپے فی کلو فروخت ہو رہا تھا۔
ڈاکٹر کرن خورشید نے بتایا کہ پنجاب میں مقامی ٹماٹر کا سیزن نہ ہونے کے باعث بلوچستان اور خیبرپختونخوا سے سپلائی جاری ہے، تاہم بلوچستان سے ترسیل میں عدم تسلسل کے باعث قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کولڈ سٹوریجز سے آلو کی بڑی مقدار مارکیٹ میں فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے بھی محدود سپلائی جاری ہے، آلو کی نئی فصل نومبر کے وسط کے بعد مارکیٹ میں آنے کی توقع ہے، جس سے فراہمی مزید بہتر ہو گی۔
سیکرٹری فوڈ سیفٹی کے مطابق لاہور میں کیلے کی قیمت 148 سے 165 روپے فی درجن ہے، جبکہ گزشتہ سال یہ قیمت 150 روپے تھی، کالا کلو سیب اس وقت 270 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، جبکہ گزشتہ سال اس کی قیمت 320 روپے تھی۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں کیلے کی فصل کا سیزن عروج پر ہے اور ملکی پیداوار میں صوبے کا حصہ 79 فیصد ہے، بلوچستان ملک میں سیب کی پیداوار کا سب سے بڑا صوبہ ہے، جہاں سے نومبر تک مقامی منڈیوں میں سیب کی فراہمی جاری رہنے کی توقع ہے۔ بعد ازاں کولڈ سٹوریج کے ذریعے سپلائی برقرار رکھی جائے گی۔
