(ویب ڈیسک) پنجاب میں صنعتی شعبے کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے 50 ارب روپے کی سولر سبسڈی سکیم تجویز کر دی گئی۔
حکام کے مطابق اہلیت کے معیار اور مالی معاونت فراہم کرنے کا طریقۂ کار طے کیا جا رہا ہے، اسکیم کا مقصد صنعتی یونٹس کے بجلی اخراجات کم کرنا اور قومی گرڈ پر انحصار گھٹانا ہے، مجوزہ منصوبے کے تحت صنعتی اسٹیٹس اور ایگرو پروسیسنگ پارکس میں قائم پیداواری یونٹس کو آن سائٹ سولر سسٹم کی تنصیب کیلئے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
صنعتی ترقی کے مجموعی پیکیج کیلئے 100 ارب روپے کی سرکاری سرمایہ کاری تجویز کی گئی ہے، جس میں 50 ارب روپے سولر سبسڈی جبکہ مزید 50 ارب روپے پلانٹس اور صنعتی آلات پر ڈیوٹی کی واپسی کیلئے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سکیم سے پیداواری لاگت میں کمی، صنعتی سرمایہ کاری کے فروغ اور بجلی کے نظام پر دباؤ کم کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
