(لاہور نیوز) ڈائریکٹر جنرل فوڈ پنجاب امجد حفیظ نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں آٹے کی فراہمی جاری ہے اور مارکیٹ میں آٹا وافر مقدار میں دستیاب ہے۔
امجد حفیظ کے مطابق فلور ملز سرکاری گندم کی پسائی کے بعد مقررہ نرخوں پر آٹا فراہم کر رہی ہیں، پنجاب میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ صوبے میں آٹے کی مجموعی سپلائی کا تقریباً 50 فیصد حصہ سبسڈائزڈ آٹے پر مشتمل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور سمیت راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں آٹے کی فراہمی جاری ہے۔ مختلف اضلاع میں دستیابی کی باقاعدہ نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
ڈی جی فوڈ نے کہا کہ آٹے کی بلا تعطل فراہمی اور مقررہ نرخوں پر معیاری آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے محکمہ خوراک متحرک ہے، جبکہ سپلائی نظام کی مؤثر نگرانی کیلئے ڈیجیٹل اقدامات بھی جاری ہیں۔
