ایچ ای سی کا یونیورسٹی اساتذہ کی تنخواہوں میں بڑا اضافہ، سرکاری جامعات مالی مشکلات کا شکار
:(لاہور نیوز) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی جانب سے ٹینیور ٹریک سسٹم (TTS) کے تحت یونیورسٹی اساتذہ کی تنخواہوں میں 100 فیصد سے زائد اضافے کے اعلان کے بعد سرکاری جامعات مالی دباؤ کا شکار ہو گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایچ ای سی نے تنخواہوں میں اضافے کا اعلان تو کر دیا، تاہم اس مقصد کے لیے جامعات کو کوئی اضافی بجٹ فراہم نہیں کیا۔ کمیشن نے جامعات کو ہدایت کی ہے کہ وہ بڑھائی گئی تنخواہیں اپنے وسائل سے ادا کریں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایچ ای سی کے اس فیصلے سے سرکاری جامعات میں تشویش پائی جا رہی ہے کیونکہ بیشتر جامعات پہلے ہی مالی خسارے کا سامنا کر رہی ہیں۔
نئی پالیسی کے تحت پروفیسرز کی تنخواہ 4 لاکھ 2 ہزار روپے سے بڑھا کر زیادہ سے زیادہ 7 لاکھ 12 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی تنخواہ 3 لاکھ 70 ہزار سے 6 لاکھ 25 ہزار روپے جبکہ اسسٹنٹ پروفیسرز کی تنخواہ 2 لاکھ 88 ہزار سے بڑھا کر 5 لاکھ 53 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
