(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کی ہدایت پر شہر بھر میں اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے سکولز کی انسپکشنز کا سلسلہ جاری ہے، جس کے دوران تعلیمی اداروں میں سہولیات، سکیورٹی اور تدریسی معیار کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنرز کی ٹیموں نے سکولوں میں سٹاف اور طلباء کی حاضری، صفائی ستھرائی، انفراسٹرکچر، سکیورٹی، پینے کے صاف پانی، واش رومز، کمپیوٹر اور سائنس لیبارٹریز سمیت تدریسی معیار کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے خطرناک قرار دی گئی عمارتوں اور کلاس رومز کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کی ہے، خطرناک کلاس رومز اور سائیڈ بلاکس فوری خالی کروا کر کارڈن آف کرنے، جبکہ غیر محفوظ حصوں کو محفوظ بنانے اور ضروری مرمت یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔
ڈی سی لاہور نے کنسٹرکشن سائٹس پر سیفٹی ایس او پیز پر عملدرآمد، حفاظتی ٹینٹس کی تنصیب، بلڈنگ فٹنس ٹیسٹ اور سٹرکچرل معائنہ فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ طلباء کی حفاظت پر زیرو ٹالرنس ہے، خطرناک کلاس رومز فوری بند کرکے مرمت کی جائیں گیں جبکہ غیر محفوظ حصوں کو فوری محفوظ بنایا جائے گا۔
انہوں نے تمام سکولوں میں صفائی ستھرائی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ کلاس رومز میں مناسب روشنی، سکیورٹی اور دیگر ضروری انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔
ڈی سی لاہور نے کہا کہ سکولوں میں پینے کے صاف پانی، مناسب صفائی ستھرائی اور وائٹ واش کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر کیا جائے، بہترین تعلیمی ماحول اور سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے تدریسی معیار پر خصوصی توجہ دینے اور طلباء کو محفوظ، صاف ستھرا اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
