(لاہور نیوز) خصوصی بچوں کو جدید اور معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے لاہور کے خصوصی تعلیمی اداروں میں جدید ڈیجیٹل کتب خانے کے پائلٹ پروگرام کے آغاز کی تجویز پیش کر دی گئی۔
سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن کی زیر صدارت برٹش کونسل کے نمائندگان کے ساتھ اہم اجلاس ہوا، جس میں خصوصی تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹل تعلیمی مواد تک رسائی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں خصوصی طلبہ، والدین اور اساتذہ کو ڈیجیٹل تعلیمی مواد تک مفت رسائی فراہم کرنے کی تجویز پیش کی گئی، اس مقصد کیلئے خصوصی تعلیمی اداروں میں کیو آر کوڈز کے ذریعے ڈیجیٹل تعلیمی اور تحقیقی مواد تک مفت رسائی دینے کی بھی تجویز زیر غور آئی۔
سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن نے کہا کہ خصوصی بچوں میں مطالعے کے رجحان اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے تعاون جاری رکھنے کا عزم ہے، لاہور کے 100 طلبہ برٹش کونسل کی مختلف سرگرمیوں میں شرکت کر چکے ہیں۔
سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن نے کہا کہ جدید تعلیم کے ویژن کو پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں تک پھیلایا جائے گا۔
