(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ صبور علی نے اپنی ڈیڑھ سال کی بیٹی کو سکول بھیجنے کی وجہ بتا دی۔
حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے شو میں شرکت کی جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کی ڈیڑھ سال کی بیٹی سیرینا پری سکول جاتی ہے جس پر میزبان نے خاصی حیرانی کا اظہار کیا۔
صبور علی نے بتایا کہ سیرینا کا ہم نے پری سکول میں داخلہ کروایا ہے جہاں فی الحال وہ 15 سے 20 منٹ کے لیے جاتی ہے، کھیلتی ہے اور واپس آجاتی ہے اس سے ہماری بیٹی کی سوشل اسکلز میں اضافہ ہورہا ہے۔
اداکارہ نے کہا یہ ضروری تھا کہ وہ کچھ دیر اپنے والدین سے دور رہے تاکہ اسے پتا چلے کہ ہم نہیں ہوں گے تو اسے کیسے رہنا ہے، دوسروں کے ساتھ کیسے پیش آنا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سکول کا تعارفی دن وہ واحد دن تھا جب وہ بہت روئی اور میں شرمندہ ہوئی کیونکہ وہاں اس کے علاوہ اور کوئی بچہ نہیں رو رہا تھا جب کہ وہ کافی سوشل بچی ہے لیکن اب ایسا ہے کہ اسے سکول سے واپس نہیں آنا ہوتا۔
صبور علی کے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جہاں صارفین کا ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔
متعدد سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کے فیصلے کو غلط قرار دیا اور کہا کہ بچے کا بچپن انتہائی اہم ہے اسے یوں خراب نہ کریں جب کہ کچھ افراد نے اداکار جوڑے کے اس فیصلے کی حمایت بھی کی۔
