(لاہور نیوز) ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا ہے کہ گینگ ریپ کیس میں خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈیفنس سی میں غیر ملکی خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے کیس میں پیش رفت کرتے ہوئے پولیس نے ایک خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ایک ملزم تاحال روپوش ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ تھانہ ڈیفنس سی میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا، مقدمے کے اندراج کے بعد ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور تفتیش کی براہ راست نگرانی کی گئی۔
سید ذیشان رضا کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر ڈیفنس فیز 8 میں غازی انٹرچینج کے قریب متاثرہ خاتون کو اتار کر فرار ہو گئے تھے، ملزمان خاتون کا پرس اور موبائل فون بھی ساتھ لے گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کا میڈیکل کرایا گیا، جس میں زیادتی کے شواہد سامنے آئے ہیں، متاثرہ خاتون اور گرفتار ملزمان کے سوابز فرانزک سائنس لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں تاکہ شواہد کا مزید تجزیہ کیا جا سکے، دوران تفتیش گرفتار ملزمان نے مبینہ طور پر جرم کا اعتراف کیا ہے، تاہم پولیس مزید شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔
سید ذیشان رضا نے بتایا کہ کیس میں ایک ملزم تاحال گرفتار نہیں ہو سکا، اس کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیمیں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ فرانزک رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں مقدمے کی تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔
