03 Oct 2026
(لاہور نیوز) داتا دربار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی میں مبینہ طور پر ملوث حاضر سروس پولیس کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار اہلکار کی شناخت شاہد علی کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے ملزم کے قبضے سے 2 کلو 500 گرام چرس برآمد کی ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر چرس فروخت کرنے کیلئے اس کے تین پیکٹ اپنے قبضے میں رکھے ہوئے تھے، خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔
پولیس نے گرفتار کانسٹیبل کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ منشیات فروشی میں ملوث اہلکار کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور پولیس اہلکاروں کا بھی احتساب جاری ہے۔
