03 Oct 2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے، سموگ کی شدت بھی برقرار ہے، لاہور شہر آلودگی کے اعتبار سے پاکستان میں چوتھے نمبر پر آگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 24 جبکہ زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ نمی کا تناسب 67 فیصد تک ریکارڈ ہوا۔
دوسری جانب لاہور آلودگی کے اعتبار سے پاکستان میں چوتھے نمبر پر آگیا، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 223 ریکارڈ کی گئی۔جی ٹی روڈ کے اطراف ایئر کوالٹی انڈیکس 384، پنجاب یونیورسٹی کے اطراف 381 جبکہ شاہدرہ میں 380 ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔
