(ویب ڈیسک) پنجاب میں شہریوں سے سینی ٹیشن فیس کی وصولی کا آغاز ہو گیا، محکمہ ایکسائز نے صوبے بھر کے شہری علاقوں میں صفائی کیلئے سینی ٹیشن فیس کی بلنگ شروع کر دی۔
حکومت نے ستھرا پنجاب منصوبے کی بلنگ کی ذمہ داری محکمہ ایکسائز کو سونپی ہے، ایکسائز حکام کے مطابق شہری علاقوں کی تقریباً 50 لاکھ کمرشل اور رہائشی پراپرٹیز کے مالکان کو سینی ٹیشن فیس کے بل بھجوائے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق پراپرٹی مالکان کو ایک سال کی سینی ٹیشن فیس کی ادائیگی کیلئے 6 ماہ کے بل جاری کئے جا رہے ہیں، جبکہ بل موصول ہونے کے بعد 60 روز کے اندر فیس ادا کرنا لازم ہو گا، مقررہ مدت کے بعد ادائیگی کی صورت میں جرمانے کے ساتھ رقم وصول کی جائے گی۔

ایکسائز حکام کے مطابق ستھرا پنجاب اور محکمہ ایکسائز کے درمیان بلنگ کیلئے ڈیٹا انٹیگریشن مکمل کرلی گئی ہے، اربن یونٹ کے ڈیٹا کی بنیاد پر بل پرنٹ کرکے متعلقہ ریجنز کو بھجوائے جائیں گے، جبکہ متعلقہ سرکلز میں انسپکٹرز بلوں کی ترسیل کے ذمہ دار ہوں گے۔
حکام کے مطابق شہری علاقوں کی 50 لاکھ پراپرٹیز سے سالانہ تقریباً 40 ارب روپے کی ریکوری متوقع ہے، جبکہ شہری علاقوں میں بلوں کی ترسیل 2 اکتوبر سے شروع کی جائے گی۔
